تیز رفتار ٹریلر نے صنعتکار باپ بیٹے کی جان لے لی

کراچی کے آئی سی آئی پل پر تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے کار پل سے نیچے جاگری، جس کے نتیجے میں صنعت کار باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بیٹا اور رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

حادثہ نیٹی جیٹی پل سے آئی سی آئی پل کی جانب جاتے ہوئے پیش آیا، جب ٹریلر (رجسٹریشن نمبر ایس ایم اے 129) نے پیچھے سے ایک کار، موٹر سائیکل اور رکشے کو ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں کار (رجسٹریشن نمبر بی ایم 4598) پل پر لگی آہنی باڑ توڑتے ہوئے نیچے لوہے کے پائپوں پر جا گری۔

حادثے میں ڈیفنس کے رہائشی 62 سالہ محمد اشرف اور ان کے 40 سالہ بیٹے نوید اشرف موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ محمد اشرف کا دوسرا بیٹا عثمان اشرف اور رکشہ ڈرائیور شمس الحق شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق، جاں بحق ہونے والے محمد اشرف صنعت کار تھے اور ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے سائٹ ایریا میں واقع اپنی فیکٹری ”اشرف انٹرپرائز“ جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔

حادثے کے بعد نیٹی جیٹی پل پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ٹریلر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی، جو موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں