مراکش کشتی سانحے میں جاں بحق مزید 4 پاکستانیوں کی میتیں آج رات وطن پہنچیں گی، ساڑھے 12 بجے سعودی ایئرلائن کی پرواز اسلام آباد لینڈ کرے گی، گزشتہ روز 13 پاکستانیوں کی شناخت ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں آج رات ساڑھے 12 بجے پاکستان پہنچیں گی۔
میتیں سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 726 سے اسلام آباد لائی جائیں گی، کشتی حادثے کے بعد گزشتہ روز 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو مغربی افریقا کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔
مراکش کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی ایک کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جس میں 86 تارکین وطن سوار تھے، جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔
بعد ازاں، ترجمان دفتر خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپین جانے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں 80 مسافر سوار تھے، دفتر خارجہ نے بچنے والے 21 پاکستانی شہریوں کی فہرست جاری کی تھی۔