پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اعظم سواتی کو اٹک جیل سے رہا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو آخر کار رہائی مل گی، روبکار وصول ہونے پر اعظم سواتی کو اٹک جیل سے رہا کیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج صداقت علی نے 3 روز قبل سنگجانی جلسہ کیس میں اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی تھانہ ٹیکسلا میں درج مقدمے میں اٹک جیل میں قید تھے۔
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما و سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف 5 اکتوبر کو تھانہ ٹیکسلا میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا مقدمہ مبینہ طور پر ان کے متنازعہ بیانات اور سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اعظم سواتی کو گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں کئی ہفتوں تک قید میں رکھا گیا۔ عدالتی کارروائی کے بعد لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے جمعرات کے روز ان کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد انہیں آج اٹک جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
اعظم سواتی کے وکلا کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ گرفتاری سیاسی انتقام کا حصہ ہے اور ان کے مؤکل نے آزادی اظہار رائے کے حق کے تحت بات کی ہے۔