بھارتی ریاست مہاراشٹر میں آگ لگنے کی افواہ پر ٹرین سے اترنے والے مسافروں کو دوسری ٹرین نے کچل ڈالا، نتیجے میں 12 افراد ہلاک 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر کے جلگاؤں ضلع کے پچورا ریلوے اسٹیشن پر اس وقت افراتفری مچ گئی جب پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ پھیل گئی۔ اس افواہ کے بعد ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں نے جان بچانے کے لیے ٹرین سے چھلانگیں لگانا شروع کر دیں۔ اس دوران سامنے سے آنے والی کرناٹک ایکسپریس نے 12 سے زائد لوگوں کو کچل دیا۔
ذرائع کے مطابق پشپک ایکسپریس لکھنؤ سے ممبئی جا رہی تھی، اسی وقت منماڈ سے بھوساول جانے والی کرناٹک ایکسپریس دوسرے ٹریک سے گزر رہی تھی کہ واقعہ بدھ کی شام 5 بجے پیش آیا۔ ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کے بعد ٹرین میں سوار مسافر خوفزدہ ہو گئے اور اپنی جان بچانے کے لیے ٹرین سے کودنے لگے، اسی دوران مسافروں نے زنجیر کھینچ لی اور ٹرین رک گئی۔
بھارتی ریلوے حکام کے مطابق پشپک ایکسپریس کے کچھ مسافر نیچے اترے اور سامنے سے آنے والی کرناٹک ایکسپریس سے ٹکرا گئے۔ اس دوران ایک ضلعی اہلکار نے بتایا کہ اس حادثے میں کم از کم چھ افراد کی موت ہو گئی۔
اس دوران ٹرین سے چھلانگ لگانے کے بعد سامنے سے آنے والی کرناٹک ایکسپریس مسافروں کے اوپر چڑھ گئی۔ اس حادثے میں 8 سے 10 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 30 سے 40 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور واقعے کی تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔