انٹر پرائز چیلنج پاکستان کا آٹھواں مقابلہ ڈہرکی کی ٹیم ایکو ایجوکیشن ٹیک نے جیت لیا.
ضائع ہونے والی خوراک سے آرگینک چکن فیڈ کا آئیڈیا پیش کرنیوالی ماہ نور نے کنگز ٹرسٹ گلوبل ینگ اچیور ایوارڈ ایشیا 2024 جیتا.
18 سال سے کم عمر طلبا کیلیے انٹرپرینیورشپ کا سب سے بڑا قومی مقابلہ انٹرپرائز چیلنج پاکستان جیتے والی ڈھرکی سندھ کی ایجوکیشن ٹیک ٹیم نے معذور بچوں کیلیے سیکھنے کا مواد بنانے کا متاثر کن کاروباری آئیڈیا پیش کیا.
ٹیم کا اختراعی انداز حقیقی دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے میں شمولیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے.
تقریب کی میزبانی اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل اور سیڈز وینچرز کے تعاو ن سے کی، اسلام آباد میں فائنل میں پاکستان بھر سے منتخب پانچ اسٹارٹ اپس کے آئیڈیاز پیش کیے گئے.
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان غیر معمولی نوجوان فائنلسٹ سے ملاقات اور جدید کاروباری خیالات نے مجھے دوہزار پچیس میں جاتے ہوئے پر امید کر دیا ہے.
یہ پاکستان کے لیے حقیقی کریڈٹ ہیں، کوئی شک نہیں کہ یہ نوجوان آگے چل کر مزید بڑے منصوبے پیش کریں گے.
کنگز ٹرسٹ گلوبل ینگ اچیور ایوارڈ ایشیا 2024 حاصل کرنے والی ماہ نور کا کہنا تھا کہ انٹرپرائز چیلنج پاکستان نے مجھے کاروبار قائم کرنے اور چلانے کی مہارت فراہم کی، میں نے سماجی اداروں کے تصور اور کمیونٹی کو واپس دینے کے احساس کو سمجھا.
پروگرام میں وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ مل کرسرکاری اسکولوں کو بھی شامل کیا گیا۔