پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کے حوالے سے تیسری بیٹھک کیلئے گرین سگنل دے دیا۔
اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکرات کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کرلیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران تیسری بیٹھک کیلئے گرین سگنل دیا ہے۔
مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مطالبات کے متعلق امور طے کر لئے ہیں اور اب جب بھی چاہیں آپ اجلاس بلالیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف مذاکرات میں حکومت کو تحریری مطالبات پیش کرے گی۔
دوسری جانب اسپیکر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے مشاورت کے بعد جلد اجلاس بلایا جائے گا۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کی تیسری بیٹھک کھٹائی میں پڑنے کی وجہ بننے والی ملاقات آخر ہوگئی اور اڈیالہ جیل میں پہلے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ڈیڑھ گھنٹے تک بانی پی ٹی آئی سے کانفرنس روم میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور اس دوران کمیٹی کے دیگر ارکان کو دیگر چار ملاقاتی ارکان کمیٹی کو ایڈمن بلاک میں روک کر رکھا گیا ۔
بعدازاں بانی پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی کے پانچوں اراکین سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی ، بیٹھک کے بعد علی امین گنڈا پور فوری چلتے بنے جبکہ دیگر ارکان نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی اور بتایا سات رکنی کمیٹی کے دو ارکان سلمان اکرم راجہ اور حامد خان اڈیالہ نہ پہنچ سکے ، انہوں نے رات ہی آگاہ کردیا تھا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی مگر کنٹرولڈ ماحول میں تھی تاہم انہوں نے مذاکرات کے حوالے سے کچھ گائیڈ لائنز دی ہیں اور کہا کہ بہتر ہے 9 مئی اور 26 نومبر پر غیر جانبدار کمیشن بنے، سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کی بات کر رہے ہیں، دوسرے فریق کو آگاہ کریں گے کہ تیسرے راؤنڈ کے لئے تیار ہیں