بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی صحت اور اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبروں کو غلط قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی صحت اور اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبروں کو غلط قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر عمران خان کی خرابی صحت اور انہیں اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل کرنے سے متعلق خبریں زیر گردش تھی اور سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کی طرف سے ایسی خبریں پھیلائی جا رہی تھیں۔

پیر کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خبریں غلط ہیں اور ان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبریں بھی غلط ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ہمارے جتنے کارکنوں کی اموات ہوئیں وہی تعداد بتائی گئی، ایسی کوئی ہدایت نہیں تھی کہ ہر لیڈر نے ہر صورت ڈی چوک پہنچنا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور دیگر لوگ زخمیوں کی عیادت کیلئے جا رہے ہیںِ۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارا مؤقف یہ ہے کہ کسی بھی طرف سے گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ہونے والی اموات سے توجہ ہٹانے کیلئے سنگجانی اور ڈی چوک کی باتیں ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اہم شخصیات نے استعفے دیئے اور انکوائری میں شامل ہوئے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگے گی ، ہم پرامن جماعت ہیں، پارٹی ہمیشہ اپنے ہر کام کا احتساب کرتی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، تحریک انصاف دنیا کی ساتویں بڑی سیاسی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود مجھے پارٹی چیئرمین بنایا اور انکی ہدایات من وعن آگے منتقل کرتا ہوں، فی الحال کوئی مذاکرات نہیں کر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں