بیلاروس کا 68 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے دورہ پاکستان سے قبل 68 رکنی بیلاروسی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے جن کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔

بیلاروس کے صدر کل سے 27 نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے جبکہ ان کی آمد سے قبل 68 رکنی بیلاروسی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔

ائیرپورٹ پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے مہمان وفد کا استقبال کیا جبکہ وفد میں 8 وزرا سمیت 25 رکنی وزارتی نمائندے شامل ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق 68 رکنی وفد میں 43 رکنی تجارتی عہدیداران شامل ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقاتیں

وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیلاروس کے وزیر خارجہ اور وزیر توانائی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بیلا روس کے وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستانی حکومت اورعوام کل بیلاروس کے صدر کی آمد کے منتظر ہیں، صدرالیگزینڈر لوکا شینکو کا دورہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تعلقات کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دورے سے صنعت و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں