آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد محمد بن سلمان سے علاقائی امن، دفاعی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرسرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں اور اس دوران انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف اور سعودی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں علاقائی امن، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کے لیے ولی عہد کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن اور استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں