خواجہ نظام الدین اولیا کا عرس، بھارت نے 82 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیے

بھارت نے خواجہ نظام الدین اولیا کے سالانہ عرس کے موقع پر 82 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی ہائی کمیشن نے دہلی میں خواجہ نظام الدین اولیا کے 5 روزہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستانی شہریوں کو ویزے پاک بھارت پروٹوکول فریم ورک کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔
دہلی میں خواجہ نظام الدین اولیا کے سالانہ عرس 19 سے 25 اکتوبر تک جاری رہے گا، پاکستانی زائرین ہفتے کو واہگہ بارڈر کے راستے دہلی روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1974 کے مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت پاکستان سے 250 زائرین عرس تقریبات میں شریک ہوسکتے ہیں۔ تاہم پاکستانی زائرین کو ہر سال عرس کے موقع پر ویزوں کے حصول کے لیے طویل انتظار اور کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ ہفتے تک بھی زائرین اسی طرح کی مشکلات کا شکار تھے، تاہم 2 روز قبل انہیں لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی، جہاں آج انہیں ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔ پاکستانی زائرین اور ان کے اہلخانہ ویزوں کے اجرا کو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے حالیہ دورہ پاکستان کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں