آئینی ترمیم کی منظوری: وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب، قومی اسمبلی کا شیڈول تبدیل

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے، اجلاس میں مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری لی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے، واضح رہے کہ گزشتہ روز طلب کیا گیا کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا لیکن 26 ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔
دوسری جانب آج قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق اسمبلی اجلاس اب صبح 11 بجے نہیں بلکہ شام 6 بجے ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسمبلی اجلاس آج شام کو طلب کیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معمولی صورتحال میں تبدیل کیا گیا ہے۔
مراسلہ کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی اسپیکر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 49 کی ذیلی شق 2(بی) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول کے ضمن میں اس تبدیلی سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کا پیغام تمام اراکین اسمبلی کو بھجوا دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں