آذربائیجان کو جے ایف-17 طیاروں کی فروخت، ‘یہ ویلیو فار منی ڈیل ہے’

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ آذربائیجانی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستان ابتداً آذربائیجان کو آٹھ طیارے فروخت کرے گا جب کہ دوسرے مرحلے میں مزید آٹھ طیارے فراہم کیے جائیں گے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان کی فضائی طاقت بڑھانے کے لیے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران جے ایف۔17 لڑاکا طیارے کی جنگی صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔

آذربائیجان کی درخواست پر پاکستان ایئر فورس کا ایک دستہ جے ایف-17بلاک بلاک تھری کی صلاحیتوں کی نمائش کے لیے باکو گیا تھا۔

اس دوران جے ایف۔17 کی پی اے ایف ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ طیارے سے ایئر ٹو ایئر فیولنگ کی گئی جس نے طویل فاصلے تک پہنچنے کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا۔

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے جے ایف۔17 کے ڈسپلے اور جے ایف۔17 کے فضائی مظاہرہ کا مشاہدہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جے ایف-17 بلاک-تھری ایک 4.5 جنریشن ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے۔ جو ریڈار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے لیس ہے۔

جے ایف-17 وسیع پیمانے پر جنگی مشن انجام دینے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے یہ لڑاکا طیارہ چین کے تعاون سے بنانا شروع کیا تھا۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں اس طیارے کا اب بیش تر کام مکمل کیا جاتا ہے۔

آذربائیجان جے ایف-17 طیارہ استعمال کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک ہو گا۔ اس سے قبل پاکستان کے علاوہ نائیجیریا اور میانمار بھی یہ طیارہ استعمال کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں