سام سنگ الیکٹرانکس کا 3 بار فولڈ ہونے والا جدید اسمارٹ فون گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر آن لائن اور آف لائن دونوں پلیٹ فارمز پر فروخت ہو گیا۔
سام سنگ کے مداحوں کے مطابق، جیسے ہی یہ فون یو اے ای کی مارکیٹ میں پیش کیا گیا، ابتدائی خریداروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی اور پہلا اسٹاک پہلے ہی دن مکمل طور پر فروخت ہو گیا۔
گلیکسی زیڈ ٹرائی فولڈ کی قیمت متحدہ عرب امارات میں 11,999 درہم رکھی گئی ہے۔ انتہائی مہنگی قیمت کے باوجود صارفین کی بڑی تعداد نے اس منفرد ڈیوائس کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس وقت فون کو آؤٹ آف اسٹاک قرار دیا گیا ہے، تاہم سام سنگ کی جانب سے فروخت ہونے والے یونٹس کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔
سام سنگ کا پہلا ٹرائی فولڈ فون 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج کے ساتھکرافٹڈ بلیک رنگ میں متعارف کرایا گیا ہے۔ فون میں جدید پروسیسر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ میں 200 میگا پکسل مین کیمرہ شامل ہے۔
ڈیوائس کی کور اسکرین 6.5 انچ ہے جو گلیکسی زیڈ فولڈ 7 کے برابر ہے، تاہم مکمل طور پر کھلنے پر یہ فون 10 انچ کی بڑی اسکرین میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ فون میں 5600mAh بیٹری دی گئی ہے جو 25 واٹ فاسٹ وائرڈ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سام سنگ نے رواں ماہ کے آغاز میں اپنا پہلا ٹرائی فولڈ فون متعارف کرایا تھا۔ اس کی پہلی فروخت 12 دسمبر کو جنوبی کوریا میں شروع ہوئی، جس کے بعد مرحلہ وار دیگر ممالک میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
کمپنی جلد اس فون کو امریکا میں بھی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم فی الحال یہ ڈیوائس صرف جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات میں دستیاب ہے۔











