پاکستان نے غزہ میں اپنے فوجی دستے بھیجنے پر غور کرنے کی پیشکش کی جس پر اس کے شکر گزار ہیں: امریکا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک نے غزہ میں اپنے فوجی دستے بھیجنے سے متعلق کچھ سوال پوچھے ہیں اور اس کے بعد غزہ میں فوجی دستے بھیجنے پر غور کرنے کی پیش کش کی ہے جس پر امریکا پاکستان کا شکر گزار ہے۔

مارکو روبیو کے مطابق گزشتہ منگل کو قطر میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی میزبانی امریکی سینٹرل کمانڈ نے کی۔ اس کانفرنس میں فورس کے کمانڈ اسٹرکچر اور دیگر آپریشنل معاملات پر بات چیت کی گئی۔ اس اجلاس میں پاکستان سمیت تقریباً 45 ممالک نے شرکت کی۔

جب امریکی وزیر خارجہ سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے فوج تعینات کرنے پر رضامندی دے دی ہے تو انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کا شکر گزار ہے کہ اس نے اس فورس کا حصہ بننے یا کم از کم اس پر غور کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی کئی معاملات واضح ہونا باقی ہیں، اس لیے کسی بھی ملک سے باضابطہ اور حتمی وعدہ لینے سے قبل مزید وضاحت ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں