دبئی میں شدید بارش، معمولاتِ زندگی مفلوج، ورک فرام ہوم پالیسی نافذ

دبئی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات کی حکومت نے تمام سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کر دی ہے، جبکہ نجی شعبے کو بھی ریموٹ ورک اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق صرف انتہائی ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضری دے گا۔

شدید بارش اور خراب موسم کے باعث فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے دبئی اور ابوظبی میں شدید موسم کی وارننگ جاری کرتے ہوئے بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں، ژالہ باری اور کم حدِ نگاہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

خراب موسم کے باعث دبئی کے معروف تفریحی مقامات گلوبل ولیج اور عین دبئی کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ اسکائی ڈائیو دبئی کی تمام سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب، دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شدید بارش کے باعث دبئی، شارجہ اور عجمان کے درمیان انٹر سٹی بس سروسز تاحکمِ ثانی معطل کر دی ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سرکاری اعلانات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کی مسلسل وارننگ کے بعد دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ہنگامی اقدامات کے تحت چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ، فیلڈ ٹیمیں اور ریپڈ رسپانس یونٹس تعینات کر دی ہیں۔ فلڈ مینجمنٹ روم کے ذریعے سڑکوں پر پانی کی نکاسی اور ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ادھر دبئی پولیس نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث حدِ نگاہ کم ہو رہی ہے، اس لیے غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔

حکام کے مطابق موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات معمول پر آتے ہی خدمات کی بحالی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں