دبئی میں مقیم 32 سالہ مشہور ٹریول انفلوئنسر انونے سُود کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ ممکنہ طور پر منشیات کے زیادہ استعمال کو قرار دیا گیا ہے۔
لاس ویگاس میٹرو پولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ میں دبئی کے مقبول ٹریول انفلوئنسر انونے سود کی موت میں ممکنہ منشیات کے استعمال کے اشارے سامنے آئے ہیں۔ 32 سالہ سود کو 4 نومبر 2025 کو وِن لاس ویگاس ہوٹل کے کمرے میں بے ہوش پایا گیا تھا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق واقعے کی رات انونے سود کے ہمراہ 2 خواتین موجود تھیں، جن میں ان کی منگیتر شِوانی پریہار بھی شامل تھیں۔ تینوں نے مبینہ طور پر صبح تقریباً 4 بجے کیسینو فلور پر ایک شخص سے رابطہ کیا تاکہ وہ سفید پاوڈر خرید سکیں، جسے وہ کوکین سمجھ رہے تھے۔
گروپ واپس ہوٹل روم پہنچا اور رول کیے ہوئے 100 ڈالر کے نوٹ سے سفید مادّہ استعمال کیا، جس کے بعد سب سو گئے۔ کچھ دیر بعد خواتین جاگیں تو انہوں نے انونے سود کو بے ہوش اور بے حس و حرکت پایا، جس پر فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔
پیرامیڈکس نے موقع پر CPR اور نالاکسون (Narcan) کی پانچ خوراکیں دیں، تاہم سود کو بچایا نہ جا سکا اور انہیں صبح 7:23 بجے مردہ قرار دے دیا گیا۔ تفتیش کے دوران کمرے سے سفید پاوڈر کی ایک چھوٹی تھیلی اور رول شدہ نوٹ برآمد ہوا۔
انونے سود کی میت کو بھارت منتقل کیے جانے کے بعد 11 نومبر کو ان کے آبائی شہر نوئیڈا میں تدفین کی گئی۔ ان کی منگیتر شِوانی پریہار نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام میں کہا کہ ’تم میری پناہ، میری زندگی اور میرا سب کچھ تھے۔ میں سمجھ نہیں پا رہی کہ اسے کیسے قبول کروں‘۔
واضح رہے کہ اننائے سود دبئی کی آن لائن کمیونٹی میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انسٹاگرام پر 14 لاکھ فالوورز کے ساتھ وہ اپنی سنیماٹک ٹریول ویڈیوز اور شاہانہ لائف اسٹائل کے باعث مشہور تھے۔ انہیں مسلسل تین برس تک فوربس انڈیا کے ’ٹاپ 100 ڈیجیٹل اسٹارز‘ میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ لاس ویگاس میں منعقد ہونے والے Concours آٹوموٹیو ایونٹ میں شرکت کے لیے امریکہ آئے تھے۔












