وفاقی حکومت کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے خودمختار کمیشن کا قیام

وفاقی حکومت نے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے ایکٹ 2021ء کی شق 11 کے تحت صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے لیے ایک خودمختار کمیشن قائم کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ کمیشن قانون کے تحت مقرر کردہ اختیارات استعمال کرے گا اور تفویض کردہ فرائض انجام دے گا۔
کمیشن میں وزارت اطلاعات کے پی آئی او/ای ڈی جی (ایکس آفیشیو) اور وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل ایچ آر (ایکس آفیشیو) بھی شامل ہیں۔ کمیشن کے دیگر اراکین میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ سے غلام نبی یوسفزئی، نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے نیئر علی، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان سے نوید اکبر چوہدری، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (برنا) سے افضل بٹ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (برنا عظیم گروپ) سے حسن عباس، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) سے محمد نواز رضا، کراچی یونین آف جرنلسٹس سے طاہر حسن خان، پنجاب یونین آف جرنلسٹس سے تمثیلہ چشتی، خیبر یونین آف جرنلسٹس سے نادیہ صبوحی اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس سے خلیل احمد شامل ہیں۔
ترجمان وزارت اطلاعات کے مطابق اس کمیشن کا قیام صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور میڈیا پروفیشنلز کے حقوق کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں