نئی دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کے خلاف احتجاج، درجنوں مظاہرین گرفتار

بھارت کے دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے خلاف شہریوں، والدین اور ماحولیاتی کارکنوں نے انڈیا گیٹ کے سامنے احتجاج کیا، جس میں کئی مائیں اپنے بچوں کے ہمراہ شریک ہوئیں۔

مظاہرین نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ دہلی کے شہریوں کو صاف اور صحت مند ہوا فراہم کی جا سکے۔ احتجاج کے دوران پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق انڈیا گیٹ پر احتجاج کی اجازت نہیں تھی، اس لیے قانون و امن برقرار رکھنے کے لیے گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
ماحولیاتی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دہلی کے بچے اس زہریلی فضا سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ہر تیسرا بچہ پھیپھڑوں کے نقصان کا شکار ہے، اور اگر یہی صورتحال رہی تو ان کی اوسط عمر 10 سال کم ہو جائے گی۔

دہلی میں اتوار کو ایئر کوالٹی انڈیکس 39ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کئی علاقوں میں یہ 400 سے تجاوز کر گیا، جس سے شہر دنیا کے آلودہ ترین مقامات میں شامل ہو گیا۔

اسی دوران سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف، جس میں آوارہ کتوں کی مخصوص علاقوں سے منتقلی کا حکم دیا گیا تھا، ایک اور احتجاج بھی انڈیا گیٹ پر جاری رہا۔
دوسری جانب عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اس احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے دہلی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں