فیلڈ مارشل عاصم منیر زبردست فائٹرہیں، صدر ٹرمپ کا سیول میں خطاب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایپک سی ای او سمٹ کے موقع پر خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ’عظیم انسان اور زبردست فائٹر‘ ہیں۔
صدر ٹرمپ کے بقول، پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک زبردست فائٹر ہیں۔ ’میں انہیں اور وزیراعظم کو شاندار قیادت پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، دونوں نے امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے 7 طیارے مار گرائے تھے، جو ایک خطرناک صورتِ حال تھی کیونکہ دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں۔
’میں نے وزیراعظم مودی سے کہا کہ اگر تم جنگ جاری رکھتے ہو تو ہم تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے، اور یہی بات میں نے پاکستان سے بھی کہی کہ اگر تم بھارت سے لڑتے ہو تو امریکا تمہارے ساتھ تجارت بند کر دے گا۔‘
ٹرمپ کے مطابق، میں نے دونوں کو خبردار کیا کہ اگر لڑائی بند نہ کی تو 250 فیصد ٹیکس لگا دوں گا، جس کے بعد 48 گھنٹے کے اندر دونوں ملکوں نے جنگ روکنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
صدر ترمپ کے بقول، 2 دن بعد دونوں ممالک نے فون کر کے کہا کہ ہم سمجھ گئے، اب لڑائی بند کر دی گئی ہے۔ ’کیا بائیڈن ایسا کر سکتے تھے؟‘
امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کی پالیسیوں نے صرف جنوبی ایشیا ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں جنگوں کو روکنے میں مدد دی۔
’میں نے پچھلے 8 ماہ میں 8 جنگیں روکی ہیں۔ تجارت اور ٹیرف کے ذریعے تنازعات ختم کیے۔ حال ہی میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان تنازع بھی دو دن میں حل کرایا، جس پر ملائیشیا میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ جنگیں روکنا صرف امریکا کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہے۔ ’ہم نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں، یہ ہماری بڑی کامیابی ہے۔‘
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں متعدد بار کہا کہ دنیا کو جنگوں نہیں، امن کی ضرورت ہے، اور امریکا اب طاقت کے ساتھ امن قائم کرنے کے مشن پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں