وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر ریاض پہنچیں گے۔
وزیراعظم اپنے قیام کے دوران نویں مستقبل سرمایہ کاری کانفرنس(FII9) میں پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کریں گے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے دیگر سینئر وزرا شامل ہیں۔
عالمی سطح کی یہ کانفرنس 27 سے 29 اکتوبر تک ریاض میں جاری ہے، جس میں دنیا بھر کے رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور ماہرین شریک ہیں۔ رواں برس کانفرنس کا موضوع ’خوشحالی کی کنجی: ترقی کی نئی سرحدوں کا افتتاح‘ ہے۔
کانفرنس میں جدت، پائیداری، اقتصادی شمولیت اور عالمی جغرافیائی تبدیلیوں جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
وزیراعظم دیگر ممالک کے سربراہان اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت، پائیدار ترقی کے منصوبوں اور عالمی شراکت داری کے امکانات کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ دورہ پاکستان کے اقتصادی سفارت کاری کے عزم اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی و پائیدار ترقی کے شعبوں میں اس کی حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔












