ٹرمپ نے بال روم بنانے کے لیے وائٹ ہاؤس کی تاریخی عمارت کا ایک حصہ ڈھا دیا، عوام کا شدید ردعمل

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پارٹیوں کے انعقاد کے لیے 250 ملین ڈالر کا نیا بال روم تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے تاہم اس کے لیے اس تاریخی عمارت کا ایک حصہ گرا دیا گیا ہے جس پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے تاریخی ایسٹ وِنگ کو پیر کے روز مسمار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا، جہاں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک نیا شاندار بال روم تعمیر کر رہے ہیں، اس بال روم کی تعمیر پر اٹھنے والے اخراجات کے بارے میں ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس کی مالی معاونت وہ خود اور ان کے چند ڈونرز کریں گے۔
ایسٹ وِنگ، جہاں ماضی میں خاتونِ اوّل کے دفاتر، تھیٹر اور غیر ملکی مہمانوں کے لیے داخلی دروازہ واقع تھا، کی بیرونی دیواریں بھاری مشینری سے گرائی جا رہی ہیں۔ ٹرمپ نے جولائی میں اعلان کیا تھا کہ نیا بال روم موجودہ عمارت کو ‘چھوئے گا بھی نہیں’ بلکہ اس کے قریب تعمیر کیا جائے گا تاکہ وائٹ ہاؤس کی تاریخی عمارت محفوظ رہے۔
تاہم، وعدے کے برعکس ایسٹ وِنگ کی دیواروں کی بڑے پیمانے پر مسماری کی تصاویر وائرل ہوگئی ہیں جس کے بعد ٹرمپ نے پیر کے روز تصدیق کی کہ منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا بال روم ‘امریکا کا سب سے خوبصورت اور بہترین’ ہوگا، جس سے واشنگٹن مونیومنٹ کا منظر دکھائی دے گا اور تقریباً 999 مہمانوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق، یہ نیا بال روم مستقبل میں وائٹ ہاؤس کی سرکاری تقریبات اور استقبالیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا، جنہیں پہلے اکثر جنوبی لان میں عارضی ٹینٹ میں منعقد کیا جاتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں