میٹا کی مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی جانب سے بھیجے جانے والے پیغامات سے متعلق نئی پابندیاں متعارف کرانے کی تیاری کرلی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرش ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اسپام پیغامات پر قابو پانے کے لیے نئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کمپنی ایک ایسے فیچر کی آزمائش کر رہی ہے جس کے تحت صارفین اور کاروباری اداروں کو نامعلوم افراد کو بھیجے جانے والے پیغامات کی تعداد محدود کر دی جائے گی۔
اس تبدیلی کی بدولت میٹا اپنے صارفین کو واٹس ایپ بزنس ایکو سسٹم بڑھانے میں تحفظ فراہم کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ مختلف ممالک میں اس فیچر کی آزمائشی مرحلے میں جانچ پڑتال کر رہا ہے، نئے نظام کے تحت ہر ماہ ایک مخصوص حد مقرر کی جائے گی، جس سے زیادہ پیغامات نامعلوم نمبروں پر نہیں بھیجے جا سکیں گے۔
اگر کوئی صارف یا کاروباری ادارہ مقررہ حد کے قریب پہنچے گا تو واٹس ایپ پر ایک وارننگ ظاہر ہوگی، جس میں بتایا جائے گا کہ وہ مزید کتنے پیغامات بھیج سکتا ہے۔ اس طرح صارفین کو مکمل طور پر پیغامات بھیجنے سے بلاک ہونے سے بچایا جائے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ حد زیادہ تر اسپام اور غیر ضروری پیغامات کو کم کرنے کے لیے رکھی جارہی ہے، عام صارفین اس حد سے متاثر نہیں ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کوئی پیغام بھیجا جائے اور اس کا جواب موصول ہو جائے تو وہ پیغام اس حد میں شمار نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برسوں میں واٹس ایپ ایک نجی میسجنگ ایپ سے بڑھ کر رابطے کا ایک پیچیدہ پلیٹ فارم بن چکا ہے، لیکن ایپ کے بڑھنے کے ساتھ پلیٹ فارم پر اسپیم سے لے کر غیر مطلوب میسجز کی بھرمار بھی ہوگئی ہے