برطانیہ کا نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ، یہ کن منفرد خصوصیات کا حامل ہوگا؟

برطانوی ہوم آفس نے اعلان کیا ہے کہ دسمبر سے نیا پاسپورٹ جاری کیا جائے گا، تمام نئے پاسپورٹس کے سرورق پر بادشاہ چارلس سوم کا شاہی نشان نمایاں طور پر شامل ہوگا۔

محکمے کے مطابق یہ پاسپورٹ پچھلے 5 برسوں میں مکمل طور پر نیا ڈیزائن رکھنے والا پہلا برطانوی پاسپورٹ ہوگا، جسے اب تک کا سب سے محفوظ پاسپورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاسپورٹ کے اندرونی صفحات میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں برطانیہ کے چاروں حصوں بین نیوس (اسکاٹ لینڈ)، لیک ڈسٹرکٹ (انگلینڈ)، تھری کلفس بے (ویلز) اور جائنٹس کاز وے (شمالی آئرلینڈ) کے قدرتی مناظر شامل ہیں۔

ہوم آفس کے مطابق نئے پاسپورٹ میں جعلسازی سے بچاؤ کے لیے جدید ترین حفاظتی ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے جن میں ہولوگرافک اور شفاف خصوصیات بھی شامل ہیں، جو پاسپورٹ کی تصدیق کو آسان اور جعلسازی کو تقریباً ناممکن بنائیں گی۔

امیگریشن اور شہریت کے وزیر مائیک ٹیپ نے کہا کہ بادشاہ کے شاہی نشان، برطانیہ کے تاریخی مناظر اور جدید حفاظتی خصوصیات کا امتزاج برطانوی پاسپورٹ کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ یہ ہماری شاندار عوامی خدمت اور برطانوی ورثے کے احترام کا مظہر ہے۔

ہوم آفس نے واضح کیا کہ ملکہ الزبتھ دوم کے شاہی نشان والے پرانے پاسپورٹس اپنی میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے، تاہم شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹس کی میعاد بروقت چیک کریں اور سفر سے قبل تجدید کروائیں۔

واضح رہے کہ پہلا جدید طرز کا برطانوی پاسپورٹ 1915ء میں جاری کیا گیا تھا، جبکہ پہلا حفاظتی فیچر یعنی واٹر مارک 1972ء میں شامل کیا گیا۔ اس کے بعد سے اب تک درجنوں نئی حفاظتی خصوصیات متعارف کرائی جا چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں