جوا بازی کے شہر مکاؤ میں 15 ہزار اسکوائر فٹ پر دنیا کا پہلا ریزورٹ اسپتال قائم

دنیا کے سب سے بڑے جوئے کے مرکز مکاؤ نے اب صحت کے شعبے میں بھی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں دنیا کا پہلا ریزورٹ اسپتال قائم کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد مکاؤ کو میڈیکل ٹورزم یعنی طبی سیاحت کا مرکز بنانا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق لارنس ہو کی کمپنی بلیک اسپَیڈ کیپیٹل نے چین کے خصوصی انتظامی علاقے مکاؤ میں اسٹوڈیو سٹی کے اندر 15 ہزار مربع فٹ پر محیط اسپتال ریزورٹ قائم کیا ہے۔
اس اسپتال میں اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات دستیاب ہوں گی جن میں ہیلتھ چیک اپس، جدید اسکین، ایم آر آئی، اور کاسمیٹک ٹریٹمنٹس شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب کے دوران میلکو ریزورٹس کے چیئرمین اور سی ای او لارنس ہو نے کہا کہ دنیا کے پہلے اور مکاؤ کے واحد ریزورٹ اسپتال کے قیام سے ہم خطے میں میڈیکل ٹورزم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

لارنس ہو نے کہا کہ یہ منصوبہ مکاؤ کی “1+4” معاشی تنوع کی پالیسی کے مطابق ہے، جس کے تحت حکومت شہر کو صرف جوا بازی نہیں بلکہ سیاحت، تفریح اور صحت کے نئے مراکز میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں مکاؤ کی کیسینو آمدنی 28.3 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے، جبکہ شہر کی معیشت 50.2 ارب ڈالر (403.3 ارب پٹاکا) تک جا پہنچی۔

اسپتال کے پیچھے موجود ہیلتھ کیئر گروپ آئی ریڈ اسپتال کو توقع ہے کہ سالانہ 40 ملین سیاح علاج اور چیک اپ کے لیے مکاؤ آئیں گے، جس سے شہر کی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں