دبئی کے بزنس مین علی راؤ کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن مقرر کر دیا گیا

دبئی پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ڈائریکٹر اور بزنس مین علی راؤ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن مقرر ہو گئے-


پاکستانی کمیونٹی کے فعال رکن مخدوم رئیس قریشی ایڈووکیٹ نے علی راؤ سے تعارف کے لیے ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں بیرسٹر علی رئیس قریشی، میاں منیر ہا نس،سرفراز باجوہ، ذ یشان احمد ریجنل مینیجر پی آئی اے،فراز صدیقی، کریم امیر علی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی- تعارفی تقریب میں شرکائے تقریب نے علی راؤ کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور امارات میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن علی راؤ کو آگاہ کیا- تقریب میں شریک لوگوں نے کہا کہ ویسے تو امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بیشمار مسائل کا سامنا ہے لیکن چند مسائل فوری حل طلب ہیں- اس وقت سب سے بڑا مسلہ ویزوں کی بندش کا ہے جس پر حکومت پاکستان کو فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے- امارات میں بسلسلہ روزگار مقیم بہت سے پاکستانیوں کے پاس ہیلتھ انشورنس نہیں ہے- یہا ں پاکستانی سکولوں کی کمی ہے جس کی وجہ سے بہت سے پاکستانی بچے سکول نہیں جاتے اور کچھ دیگر مہنگے سکولوں میں داخلہ لینے پر مجبور ہیں- فوت شدگان کی میتیں بغیر چارجز کے صرف پی آئی اے لے کر جا رہی ہے جبکہ دوسری پاکستانی ایئر لائنز کو بھی فوت شدگان کی میتیں بغیر چارجز کے لے کر جانے کا پابند کیا جائے- اس پر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن علی راؤ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کو حل کروانا میری اولین ترجیح ہو گی جبکہ متذکرہ مسائل کے حل کے لیے میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کروں گا- پی آئی اے کے ریجنل مینیجر ذیشان احمد نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے واحد ایئر لائن ہے جو فوت شدگان کی میتیں بغیر چارجز کے لے کر پاکستان جاتی ہے- پی آئی اے نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے جبکہ پی آئی اے آج بھی اپنے کرم فرماؤں کے لیے اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ مصروف عمل ہے-تقریب کے میزبان مخدوم رئیس قریشی ایڈووکیٹ نے تجویز پیش کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو در پیش مسائل کی نشان دہی اور ان کے حل کرنے کی تجاویز کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے جو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن علی راؤ کے ساتھ مل کر کام کرے تا کہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل میں کمی واقع ہو سکے-

اپنا تبصرہ بھیجیں