سکھر: معروف سینئر سیاستدان اور سماجی رہنما ایڈوکیٹ سید شفقت علی شاہ نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور ہمارا فخر ہیں۔
اس موقع پر میں اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد محنتی اور مخلص اساتذہ ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
سید شفقت علی شاہ نے کہا کہ حکومت پاکستان اساتذہ کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے پرعزم ہے ۔ معیاری تعلیم صرف باصلاحیت اور بااخلاق اساتذہ سے ممکن ہے۔ اساتذہ کے بغیر علم و آگہی کا چراغ روشن نہیں رہ سکتا۔
ایڈوکیٹ سید شفقت علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے اساتذہ تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ تعلیم میں جدت، شمولیت اور اشتراک ہی ترقی کی کنجی ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ مواقع میں مزید اضافہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ تدریس صرف ایک خدمت نہیں بلکہ ایک مشن ہے۔ اساتذہ کا باہمی اشتراک تعلیمی معیار اور نظام دونوں کو مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر استاد معاشرے میں روشنی کی کرن اور مستقبل کی اُمید ہے۔ تعاون، تجربے کا تبادلہ اور اجتماعی ذمہ داری معیاری تعلیم کی بنیاد ہیں۔