شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن شدت اختیار کر کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق 12 گھنٹے کے اندر طوفان بننے کا امکان ہے۔
یہ سسٹم اس وقت کراچی سے تقریباً 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے اور سمندر میں طغیانی کی بھی توقع ہے۔ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بھی طوفانی بارش اور تھنڈر اسٹورم کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے باعث ملکی فضائی سفر متاثر ہوا ہے۔ انتظامی مسائل اور خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی اور اسلام آباد کے درمیان 5 پروازیں 1 سے 9 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں، جبکہ اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں اور اسلام آباد سکھر کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔
کراچی-تربت کی قومی ایئرلائن کی دو پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں۔ اسلام آباد-کراچی کی پروازیں 6 اور 7 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں اور کراچی-اسلام آباد کی کچھ پروازوں میں ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر دیکھی گئی۔
لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے دیگر بین الاقوامی اور نجی پروازوں میں بھی ایک سے 11 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں سے محتاط رہنے، غیر ضروری سفر مؤخر کرنے اور سمندر کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے