ایک ارب ڈالر سے تعمیر ہونے والا ’ٹرمپ پلازہ‘ منصوبہ، جدہ شہر کی نئی پہچان

سعودی ڈویلپر دار گلوبل نے جدہ کے قلب میں کنگ عبدالعزیز روڈ پر ایک ارب ڈالر مالیت کے ’ٹرمپ پلازہ جدہ‘ منصوبے کا اعلان کیا ہے، جو شہر کے افق کو نئی پہچان دے گا۔ یہ منصوبہ ٹرمپ آرگنائزیشن کے ساتھ کمپنی کا دوسرا اشتراک ہے۔

ٹرمپ پلازہ میں پرتعیش رہائشی فلیٹس، سروسڈ اپارٹمنٹس، گریڈ اے دفاتر اور ایکسکلوزو ٹاؤن ہاؤسز شامل ہوں گے۔ منصوبے میں مین ہیٹن کے ’سینٹرل پارک‘ سے متاثرہ جدید طرز کا لینڈ اسکیپ بھی بنایا جائے گا۔
دار گلوبل کے سی ای او زیاد الشاعر کے مطابق یہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا اور سب سے زیادہ پرعزم منصوبہ ہے جو رہائش، کاروبار اور طرزِ زندگی کو ایک ساتھ یکجا کرے گا۔
ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر ایرک ٹرمپ نے کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب میں اپنی موجودگی کو بڑھانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ٹرمپ پلازہ جدید طرزِ رہائش اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی عکاسی کرے گا۔
اس سے قبل دسمبر میں ’ٹرمپ ٹاور جدہ‘ کا اعلان کیا گیا تھا جو بحیرۂ احمر کے ساحل پر 47 منزلہ پرتعیش منصوبہ ہے اور فی الحال پری کنسٹرکشن مرحلے میں ہے۔
ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں لگژری ریئل اسٹیٹ سیکٹر تیزی سے فروغ پا رہا ہے، اور ماہرین کے مطابق ٹرمپ پلازہ جدہ اس شعبے میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں