مون سون ختم ہو چکا، تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے

پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلابی صورت حال کے اثرات برقرار ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا ہے کہ مون سون کا سیزن مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور اس وقت تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے ایم فائیو کے متاثرہ سیکشن کو کلیئر کرنے کا کام جاری ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ایک سو تئیس افراد جاں بحق جبکہ تین ہزار سات سو سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود کریں گی۔

جلالپور پیروالا میں موٹروے ایم فائیو کا ایک اور حصہ سیلاب میں بہہ گیا۔ دریائے ستلج کا تیز بہاؤ موٹروے کے اوپر سے گزرتے ہوئے دریائے چناب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ موٹروے پولیس اور این ایچ اے کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر موجود ہے اور پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے بڑے بڑے پتھر ڈالے جا رہے ہیں۔

گجرات میں بھی ایک گھنٹے کی بارش نے شہر کو ڈبو دیا۔ گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، ڈپٹی کمشنر آفس سمیت سرکاری دفاتر پانی میں ڈوب گئے۔ کچہری چوک، جناح چوک اور پرنس چوک سمیت بڑی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بارش کے بعد کھلے مین ہولز میں گرنے والے دو شہریوں کو بروقت کارروائی کرکے بچا لیا گیا۔

دادو میں دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ نئو گوٹھ کے قریب کچے کے علاقے میں پانی کا ریلہ داخل ہو گیا۔ پانی کے مسلسل اضافے سے ریلہ ایل ایس بچاؤ بند سے ٹکرا گیا، گاؤں جمن لاکھیر کے قریب پانی بند سے رسنے لگا جس سے شگاف پڑنے کا خطرہ ہے۔ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت بند کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے صوبائی وزرا کے ہمراہ مظفر گڑھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ انہیں خشک راشن، صاف پانی اور مویشیوں کے لیے چارہ فراہم کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں