میچ ریفری نے معذرت کرلی، آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری کرائے گا، محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں ہونے والے تنازع پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے معافی مانگ لی ہے۔ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری کرائےگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی ٹیم کے کپتان اور منیجر سے باضابطہ معذرت کر لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران پیش آئے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریفری نے اعتراف کیا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

محسن نقوی کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی سے 14 ستمبر کے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی باقاعدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا ناگزیر ہے، کیونکہ کرکٹ ایک عالمی کھیل ہے جسے سیاسی تنازعات سے پاک ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مسئلے پر سابق چیئرمینز نجم سیٹھی اور رمیز راجا سے بھی مشاورت کی گئی، جبکہ وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام کی مکمل حمایت بھی حاصل رہی۔

محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم اب کارکردگی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گی۔

پی سی بی نے ہمیشہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنے کا کہا، نجم سیٹھی
اس موقع پر سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ کھیل کو سیاسی اثرات سے محفوظ رکھا جائے۔

ان کے مطابق کرکٹ کا حسن اسی وقت قائم رہ سکتا ہے جب اسے غیر جانبدارانہ انداز میں کھیلا اور منظم کیا جائے۔

قومی ٹیم کو اب کارکردگی سے جواب دینا ہوگا، رمیز راجا
دوسری جانب سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے اس صورتحال کو پاکستان کے لیے ایک اخلاقی کامیابی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس واقعے نے قومی جذبات کو ٹھیس پہنچائی، لیکن اب ٹیم کو اپنی کارکردگی سے جواب دینا ہوگا۔

رمیز راجا نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کے پسندیدہ ریفری سمجھے جاتے ہیں، کیونکہ وہ بھارتی ٹیم کے 90 سے زائد میچز میں میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اتوار کے روز پاک بھارت میچ میں ٹاس کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ ملانے سے منع کیا، اور ساتھ ہی پاکستانی میڈیا منیجر کو یہ ہدایت دی کہ یہ واقعہ ریکارڈ نہ کیا جائے۔

میچ کے بعد پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے اس رویے پر احتجاج کیا، جس پر رسل نے دعویٰ کیا کہ انہیں یہ ہدایات بھارتی کرکٹ بورڈ اور درحقیقت بھارتی حکومت کی جانب سے ملی ہیں۔
اسی رویے کے خلاف احتجاجاً پاکستان نے ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا، اور واضح کیا تھا کہ اگر اینڈی پائی کرافٹ کو نہ ہٹایا گیا تو ٹیم ایشیا کپ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں