سندھ میں سیلاب: گھوٹکی میں 20 سے زائد دیہات زیر آب، بالائی سندھ میں کچے کے کئی گاؤں ڈوب گئے

پنجاب کے بعد سیلاب سندھ میں داخل ہو گیا ہے۔ دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

سیلاب کے باعث بالائی سندھ میں کچے کے درجنوں گاؤں ڈوب گئے ہیں۔ گھوٹکی میں کچے کے 20 سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔

کندھ کوٹ میں کچے کے 80 فیصد علاقے سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں۔ اوباڑو، نوشہرو فیروز میں بھی کئی بستیاں ڈوب چکی ہیں۔

کمال ڈیرو کے قریب دریائے سندھ میں متاثرین کی کشتی الٹ گئی ہے۔ مقامی افراد نے ڈوبنے والے پانچوں افراد کو بچالیا ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ٹھٹھہ سجاول کے مقام سے 2 لاکھ 54 ہزار کيوسک پانی سمندر کے طرف رواں دواں ہے۔
ادھر پنوعاقل میں کچے کے علاقے سدوجہ میں پانی کا ریلا ڈیڑھ سو دیہات میں داخل ہوگیا ہے۔ دیہات کے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو عملہ موجود نہیں ہے۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر 5 لاکھ 44 ہزار 658 کیوسک پر آگیا ہے جبکہ اخراج 5 لاکھ 14 ہزار 51 کیوسک ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 70 ہزار 580 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اخراج 4 لاکھ 22 ہزار 400 کیوسک ہے۔ کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 62 ہزار 509 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 54 ہزار 354 کیوسک ہے۔

اس کے علاوہ پنجند پر پانی کی آمد اور اخراج 6 لاکھ 64 ہزار 422 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں