گوگل کے جیمنی اے آئی نے ایک بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرادی ہے، جس کے بعد صارفین اب آڈیو فائلز اپلوڈ اور پراسیس کرسکیں گے۔ یہ فیچر اس سے قبل ملٹی ماڈل چیٹ بوٹ میں موجود نہیں تھا۔
نئی سہولت جیمنی موبائل ایپ اور ویب ورژن دونوں میں دستیاب ہے، جہاں صارفین چیٹ کے اندر پلس بٹن دبا کر کلپ کی شکل والے آئیکون سے آڈیو فائل اپلوڈ کرسکتے ہیں۔
گوگل سپورٹ پیج کے مطابق فری صارفین 10 منٹ تک کی آڈیو فائلز اپلوڈ کرسکتے ہیں، جبکہ جیمنی پرو یا الٹرا سبسکرائبرز کو 3 گھنٹے تک کی آڈیو فائل اپلوڈ کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جیمنی پر بیک وقت 10 فائلز اپلوڈ کی جاسکتی ہیں جن میں زیپ فائلز بھی شامل ہیں۔
جیمنی پر ویڈیو اپلوڈ کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے تحت 2GB تک کی ویڈیوز اپلوڈ کی جاسکتی ہیں، تاہم مفت صارفین کے لیے یہ وقت 5 منٹ اور پیڈ صارفین کے لیے ایک گھنٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک کوڈ فولڈر یا گِٹ ہب ریپوزٹری بھی اپلوڈ کی جاسکتی ہے جس کی حد 5 ہزار فائلز یا 100MB رکھی گئی ہے۔
گوگل کے مطابق آڈیو سپورٹ کے اضافے سے لیکچرز، میٹنگز اور پوڈکاسٹس سے اہم نکات اخذ کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔ صارفین جیمنی کو طویل رپورٹس تیار کرنے، مختصر خلاصے لکھوانے یا نالج سلائیڈز بنانے کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے جنہیں تصاویر کی شکل میں ایکسپورٹ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب گوگل کا نوٹ بُک ایل ایم ٹول بھی اس فیچر کی تکمیل کرتا ہے، جو طویل تحریری مواد کو دو افراد کی دلچسپ گفتگو پر مبنی آڈیو پوڈکاسٹ یا ویڈیو سمری میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے.