انسٹاگرام نے تخلیق کاروں کے لیے خصوصی فیچر لانچ کردیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے تخلیق کاروں (کریئیٹرز) کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت وہ اب اپنی ہی پوسٹس اور ریلز پر کیے گئے اپنے تبصروں کو پنِ (Pin) کر سکیں گے۔

اس نئی سہولت سے تخلیق کاروں کو نہ صرف اپنی بات کو نمایاں کرنے کا موقع ملے گا بلکہ بحث و مباحثے کے انداز اور لہجے کو کنٹرول کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

واضح رہے کہ فی الحال عام صارفین صرف دوسرے لوگوں کے تبصرے کو پن کر سکتے ہیں (اگر ان کے پاس یہ فیچر فعال ہے) لیکن اپنا تبصرہ پن کرنے کی سہولت صرف ان صارفین کو دی جا رہی ہے جنہیں انسٹاگرام کریئیٹر کے طور پر پہچانتا ہے یعنی ایسے صارفین جو انسٹاگرام پر کریئیٹر اکاؤنٹ استعمال کر رہے ہوں۔

اپڈیٹ میں کیا نیا ہے؟
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق یہ فیچر تخلیق کاروں کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ اہم معلومات کو اجاگر کریں، بامقصد گفتگو شروع کریں یا اضافی سیاق و سباق فراہم کریں۔
پہلے انسٹاگرام پر صرف صارفین کے تبصرے پن کیے جا سکتے تھے لیکن اب یہ سہولت تخلیق کاروں کے اپنے تبصروں تک بھی بڑھا دی گئی ہے۔

نئے فیچر کے فوائد
نئے فیچر کے فوائد کچھ اس طرح ہیں۔ اہم لنکس یا تفصیل شیئر کرنے کے لیے تبصرہ پن کیا جا سکتا ہے، ناظرین کو اضافی معلومات یا ہدایات دی جا سکتی ہیں اور گفتگو کا لہجہ بہتر اور مثبت بنایا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں مجموعی مصروفیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی اور یہ فیچر خصوصاً ان کریئیٹرز کے لیے فائدہ مند ہے جو اپنی کمیونٹی سے گہرا رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔

انسٹاگرام آئی پیڈ ایپ بھی لانچ
انسٹاگرام نے اس کے ساتھ ساتھ آئی پیڈ کے لیے بھی آفیشل ایپ لانچ کر دی ہے جو تمام اہم فیچرز جیسے کہ اسٹوریز، فیڈ، اور میسجنگ پر مشتمل ہے۔

ایپ کو بڑی اسکرینز کے لیے نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ریلز کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ ملٹی کالم ڈیزائن متعارف کیا گیا ہے تاکہ ڈی ایمز اور نوٹیفکیشنز زیادہ آسانی سے دیکھے جا سکیں۔

ایپ آئی فون کے مقابلے میں زیادہ تیز اور ہموار تجربہ فراہم کرتی ہے۔

انسٹاگرام کی یہ اپڈیٹس نہ صرف کریئیٹرز کو مزید بااختیار بناتی ہیں بلکہ صارفین کے لیے بہتر اور زیادہ کنٹرولڈ تعامل کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں