پاکستان میں تباہ کن سیلابی صورتِ حال پر یورپی یونین نے فوری طور پر ہنگامی امداد کا اعلان کردیا ہے۔ یورپی یونین کی اعلی نمائندہ کایہ کیلس نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
یوپین یونین نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے پیش نظر ہنگامی انسانی ضروریات کے لیے تقریباً 350 ملین روپے کی امداد مختص کردی ہے۔
ترجمان یورپی یونین پاکستان کے مطابق شدید مون سون بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں سینکڑوں قیمتی جانیں لے لیں، سیلاب کے باعث کئی لوگ تاحال لاپتہ ہیں، متاثرہ خاندانوں اور تمام متاثرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان یورپی یونین پاکستان نے بتایا کہ یہ امداد معتبر انسانی ہمدردی کے شراکت دار اداروں کے ذریعے فراہم کی جائے گی، اس امداد میں جان بچانے والی صحت کی سہولیات، بیماریوں کے عدم پھیلاؤ کے لیے پانی، صفائی اور حفظانِ صحت (WASH) کی سہولیات شامل ہیں۔ امداد میں انتہائی کمزور طبقات کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے نقد امداد یورپی یونین اس نازک وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ یورپی یونین کی اعلی نمائندہ کایہ کیلس نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور حالیہ سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے یورپی یونین کی پاکستان کی امدادی اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی امداد پر تشکر ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی بحران سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اپاکستان اور یورپی یونین کے بڑھتے روابط پر دونوں رہنماؤں نے اظہار اطمینان کیا۔
پاکستان اور یورپی یونین نے ماحولیاتی اقدامات اور پائیدار بحالی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔