سروسز چیفس کا راشد منہاس شہید کے 53ویں یومِ شہادت پر زبردست خراج عقیدت

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت سروسز چیفس نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کو ان کی 53ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن مثال کے طور پر کھڑے ہیں، آج ہی کے دن 1971 میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے پاکستان کے دفاع کے لیے غیر متزلزل بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

سروسز چیفس کہتے ہیں کہ راشد منہاس نے فرائض کی ادائیگی میں لازوال قربانی دی تھی۔ اس قومی ہیرو کو آج ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ راشد منہاس کا غیر معمولی عمل ہماری مسلح افواج کے جذبےاور وطن سے بے لوث لگن کا ثبوت ہے۔ پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی قربانی ہمیشہ ہماری یادوں میں نقش رہے گی۔ راشد منہاس کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے باعث تقلید ہے۔

سروسز چیفس کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی غیر معمولی جرات، ثابت قدمی اور فرض کی ادائیگی کی لگن کو سلام پیش کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں