وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جاپان معاشی ، ٹیکنالوجی اور معاشرتی ترقی کا گہوارہ بن چکا ہے، مادی ترقی کے ساتھ انسانی قدروں کا احترام قابل تقلید ہے ، جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاپان کے خارجہ امور کے سینئراسٹیٹ منسٹرمایا جی ٹاکوما سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مایا جی ٹاکوما نے پاکستان میں سیلاب بالخصوص خیبرپختون خوا میں ہونے والے جانی نقصانات پر افسوس کا اظہارکیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ زلزلے ، سیلاب اور قدرتی آفات کے مقابلے کے لئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ مریم نواز نے ٹوکیو کے جدید ترین ٹریفک کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔جہاں انہیں ٹریفک کنٹرول روم میں ڈیٹا جمع کرنے ، ٹرانسپورٹ پلاننگ اور انفراسٹرکچر کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں کے ٹریفک نظام کو اے آئی سے جوڑا جا رہا ہے۔ سیف سٹی کیمروں کوٹریفک مانیٹرنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے جاپان پارلیمنٹرین فرینڈ شپ لیگ کے چیئرمین سیشیرو ایٹو سے بھی ملاقات کی ۔ملاقات میں زراعت ، صنعت اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور بھی زیرغور آئے ۔ پاک جاپان پارلیمانی رابطے بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔ سیشیرو ایٹو نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری لانے اورمشترکہ منصوبوں کے آغاز میں کردار ادا کروں گا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، پولیس ، سیوریج اینڈ واٹر ٹریٹمنٹ اور ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں جاپانی تجربات سے استفادہ کریں گے۔