چیف سیکریٹری سندھ کی ہدایت پر بورڈ آف ریونیو سندھ نے صوبے بھر میں محکمہ ریونیو میں بڑی انتظامی تبدیلیاں کر دی ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، سندھ بھر کی 100 سے زائد تحصیلوں میں تعینات اسٹنٹ مختیارکاروں سے مختیارکار کا چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ریونیو میں سیاسی سفارشات پر تعینات کئی اسٹنٹ مختیارکارز کو چارج ملنے پر تنقید کی جا رہی تھی، جس کے بعد بورڈ آف ریونیو سندھ نے یہ بڑا فیصلہ کیا۔
خاص طور پر ضلع دادو کی تمام چار تحصیلوں میں اہم تبادلے کیے گئے ہیں جس کے مطابق دادو کے شیراز پنہور کو ہٹا کر ان کی جگہ عبدالحمید کھوکھر کو مختیار کار تعینات کر دیا گیا ہے۔
میہڑ کے اسلم مگسی کی جگہ شیراز علی عرف حالار خان کو مختیار کار بنا دیا گیا ہے، جوہی کے مختیار کار محمد پنجل میمن کی جگہ اسد لاشاری کو چارج دے دیا گیا ہے جبکہ کے این شاہ میں سمیع اللہ جمالی کی جگہ زاہد ابڑو کو مختیار کار مقرر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں دادو، میہڑ، جوہی اور کے این شاہ کے تمام سابق مختیارکارز کو فوری طور پر بورڈ آف ریونیو سندھ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔