پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں 78 واں یوم آزادی جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا

شارجہ۔ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں 78 واں یوم آزادی جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ جس میں قونصل جنرل پاکستان حسین محمد, ویلفیئر قونصل جنید مرتضیٰ، پریس قونصل محمد صالح مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے بورڈ ممبران عمران اسلم، عمران رفیق، فراز احمد صدیقی، سفیر احمد ستی، سلطان محمود, محمد زبیر خان، سید سلیم اختر، وقار خان,عبدالرزاق، عمر بلوچ, عثمان احمد،جہانزیب, بشیر شاہد, شہزاد ملک، راشد اشرف,عزیز اللہ اور دیگر کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔


ہال کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بوڑھے، جوان، عورتیں اور بچے پاکستانی رنگوں میں ملبوس اپنے ملک سے محبت میں ہاتھوں میں جھنڈے لیے جمع تھے۔ وطن سے محبت کے رنگ ان کے چہروں پر جھلک رہے تھے۔ کھانے پینے کے سٹال سج گئے۔ ہر طرف جھنڈوں کی بہار تھی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان حسین محمد چوہدری خالد حسین صدر پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے ہمراہ ہال میں آئے۔ پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ صائمہ نقوی کلچرل ہیڈ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ نے تمام مہمانوں کا تعارف کرایا اور خوش آمدید کہا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانے بجا کر یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے عمران رفیق نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کمیونٹی کے لیے پاکستان سوشل سنٹر کی خدمات سے آگاہ کیا۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔ پامیر پرائیویٹ سکول اور الامال انگلش سکول کے بچوں نے پرجوش تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے۔ اس پروگرام میں 12 سکولوں کے پوزیشن ہولڈر طلباء طالبات میں شیلڈیں تقسیم کی گئیں,چوہدری اسد خالد کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ معروف گلوکاران زدران خان.سونیا مجید اورحسین محمد نے مختلف قومی ترانے گائے صائمہ نقوی نے اپنے خوبصورت مکالمے کے ذریعے پاکستان سے دور رہنے والے غیر ملکیوں کے جذبات کی عکاسی کی۔ طلباء کے درمیان تقریری اور مصوری کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تائیکوانڈو کا مظاہرہ کیا گیا۔ مہمان قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سوشل سنٹر شارجہ آکر اچھا لگتا ہے کیونکہ یہاں کی کمیونٹی کا جوش و خروش قابل تعریف ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم بیرون ملک رہتے ہوئے بھی اپنے ملک کی شناخت کا ذریعہ بنیں گے اور اس کے پرچم کو کبھی مجروح نہیں ہونے دیں گے۔ پروگرام کے اختتام پر 78ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ چوہدری خالد حسین نے سب کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ہمیں یہ یاد دلانے کا موقع ہے کہ ہمارے بزرگوں نے ہمارے خوابوں کی تعبیر کے لیے کتنی قربانیاں دیں۔ خالد حسین اور عمران رفیق نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صائمہ نقوی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں