بھارت نے بغیر اطلاع ستلج میں سیلابی ریلا چھوڑ دیا ہے جس سے قصور میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔
بھارت نے ایک بار پھر آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر اطلاع دریائے ستلج میں سیلابی پانی چھوڑ دیا۔ گنڈا سنگھ قصور کے مقام پر 50 ہزار 500 کیوسک کا ریلا رات گئے پہنچ گیا ہے، جس سے نچلے درجے کا سیلاب پیدا ہو گیا اور دریا کے پیٹ میں آباد بستیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
سیلابی ریلا بھارت کے فیروز پور بیراج سے چھوڑا گیاہےجو پاک،بھارت سرحد کے قریب واقع ہے۔ یہ اقدام 1989ء کے پاک،بھارت معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کو سیلابی پانی چھوڑنے سے قبل پیشگی اطلاع دینا لازمی ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ نہ صرف پڑوسی ملک کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے بلکہ انسانی جانوں اور زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ نچلے علاقوں کے رہائشیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔