یمن کے ساحل کے قریب ایک المناک حادثے میں افریقی پناہ گزینوں کی کشتی الٹنے سے کم از کم 68 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ درجنوں کو بچا لیا گیا ہے۔ کشتی میں 150 سے زائد افراد سوار تھے جو غیر قانونی طور پر یمن کے راستے اٹلی جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
یمنی حکام کے مطابق یہ حادثہ بحیرہ احمر کے قریب اس وقت پیش آیا جب کشتی سمندری طوفانی لہروں کی زد میں آ کر الٹ گئی۔ بچائے گئے افراد میں اکثریت ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی ہے، جبکہ دیگر کا تعلق مختلف افریقی ممالک سے ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ریسکیو کارروائی شروع کی۔ اب تک درجنوں افراد کو زندہ بچا کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم کئی افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ امدادی ٹیموں نے تلاش کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ افریقی ممالک سے بڑی تعداد میں افراد روزگار اور بہتر زندگی کی تلاش میں خطرناک سمندری راستوں کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں، جن میں سے کئی جان لیوا حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔