آلاتِ سماعت سماجی زندگی میں کیسے بہتری لاتے ہیں؟ نئی تحقیق کے انکشافات

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سماعت کے آلات نہ صرف سماعت کی بہتری کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ یہ سماجی زندگی کو بھی بہتر بناتے ہیں اور تنہائی کے احساس کو کم کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے مطابق، 65 مختلف مطالعات کا جائزہ لینے کے بعد، جن میں تقریباً 6,000 افراد شامل تھے، یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ وہ بالغ افراد جو سماعت کے آلات یا کوکلیئر امپلانٹس کا استعمال کرتے ہیں، وہ اپنے سماجی روابط میں زیادہ متحرک اور تنہائی کے احساس سے کم متاثر ہوتے ہیں، جبکہ جو افراد یہ آلات استعمال نہیں کرتے، وہ سماجی طور پر زیادہ الگ تھلگ محسوس کرتے ہیں۔

تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر جینیٹ چوی نے کہا کہ سماعت کے آلات سماعت کی خرابی کے ساتھ جڑے ہوئے معاشرتی تنہائی اور صحت پر منفی اثرات کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر چوی نے مزید کہا کہ یہ آلات گروپ گفتگو میں حصہ لینے اور شور والے ماحول میں آرام سے بات کرنے کی صلاحیت میں بہتری لاتے ہیں، جس سے افراد کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ زیادہ خوشگوار معاشرتی تعلقات قائم کر پاتے ہیں۔

اس کے علاوہ، سماعت کے آلات استعمال کرنے والے افراد نے اپنی سماجی زندگی میں کم رکاوٹیں محسوس کیں اور اپنے سماعتی مسائل کو کم محسوس کیا۔ اس تحقیق کے نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ سماعت کی بہتر صلاحیت سے ذہنی صحت میں بھی بہتری آ سکتی ہے، کیونکہ تنہائی کو دماغی تنزلی سے جوڑا گیا ہے۔

ڈاکٹر چوی نے بتایا کہ ان کے پہلے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سماعت کے آلات کے استعمال سے قبل از وقت موت کے خطرات میں تقریباً 25 فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔ ان کے مطابق، یہ تحقیق مزید اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ سماعت کی صحت مجموعی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہم ہے۔

تحقیق میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ سماعت کے آلات صرف سماعت کے مسائل کو حل نہیں کرتے بلکہ یہ افراد کی سماجی زندگی اور ذہنی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں