فیس بک کی پہنچ اب آپ کے کیمرا رول تک، پرائیویٹ تصاویر بچانے کا طریقہ کیا ہے؟

سائبر سیکیورٹی ماہر کیٹلن سارین نے فیس بک کے صارفین کی تصاویر کے استعمال کے حوالے سے ایک سنگین تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کیٹلن نے اپنے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ فیس بک اب صارفین کی وہ تصاویر تک بھی رسائی حاصل کر رہا ہے جو انہوں نے اپ لوڈ نہیں کیں۔ اس کا مقصد تصاویر کی بنیاد پر خودکار طور پر کہانیوں کے آئیڈیاز تیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بک اب آپ کے فون کی کیمرا رول تک رسائی حاصل کر رہا ہے اور وہ تصاویر جو آپ نے ابھی تک اپ لوڈ نہیں کیں وہ بھی اپنے قبضے میں لے رہا ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ یہ ہماری تصاویر، چہروں، لوکیشن، ٹائم اسٹیمپ اور دیگر معلومات کا تجزیہ کرتا ہے اور آپ کو یہ تک نہیں معلوم ہوتا کہ آپ نے اس کی اجازت دی ہے۔

فیس بک نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس میں صارفین سے ان کی فون کی تصاویر تک رسائی کی اجازت طلب کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی کہانی یا پوسٹ تیار کرنے کے دوران اے آئی کی مدد سے تخلیقی تجاویز حاصل کرسکیں۔

اس کے لیے ایک پاپ اپ پیغام آتا ہے جس میں پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ ’کلاؤڈ پروسیسنگ‘ کو فعال کرنا چاہتے ہیں جس سے فیس بک صارف کی گیلری کی تصاویر کا تجزیہ کرتا ہے۔

فیس بک کا دعویٰ ہے کہ اس کا مقصد خودکار طور پر تخلیقی آئیڈیاز تجویز کرنا اور تصاویر کی ایڈیٹنگ میں مدد دینا ہے تاہم اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ اگر صارفین نے اس تک رسائی دی تو وہ اپنے کچھ ذاتی مواد پر فیس بک کی رسائی دے رہے ہیں۔

فیس بک کے ٹرمز آف سروس میں کہا گیا ہے کہ ایک بار جب تصاویر شیئر کی جائیں گی تو آپ اس بات پر رضامند ہیں کہ میٹا ان تصاویر کا تجزیہ کرے گا جس میں فیشل فیچرز بھی شامل ہیں۔

سروس نے مزید کہا کہ یہ تجزیہ ہمیں نئے فیچرز پیش کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، جیسے کہ تصاویر کی سمری تیار کرنا، تصاویر میں تبدیلی کرنا اور تصاویر کی بنیاد پر نیا مواد تخلیق کرنا۔

اپنی تصاویر کو محفوظ رکھنے کے طریقے
اگر آپ اپنی تصاویر کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو کچھ طریقے ہیں جنہیں آپ اختیار کرسکتے ہیں۔

یہ فیچر فی الحال اختیاری ہے اور صرف اسی صورت میں کام کرے گا اگر آپ نے اجازت دی ہو لہذا اگر آپ نے پاپ اپ کو قبول نہیں کیا تو میٹا کو آپ کی تصاویر تک رسائی نہیں ملے گی۔

آپ اس فیچر کو ایپ کی سیٹنگز میں بھی بند کر سکتے ہیں۔ سیٹنگز کے لیے، مینو میں جائیں، پھر ’سیٹنگز اور پرائیویسی‘ کھولیں، اس کے بعد ’سیٹنگز‘ میں جائیں اور ’کیمرا رول شیئرنگ‘ تلاش کریں۔

وہاں آپ کو 2 سیٹنگز ملیں گی۔ ایک فوٹو سجیشن دکھانے کے لیے اور دوسری کلاؤڈ پروسیسنگ استعمال کرنے کے لیے۔

اپنی تصاویر کو پرائیویٹ رکھنے کے لیے آپ دونوں سیٹنگز کو بند کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں