ظفر عباس کی گاڑی سے موٹر سائیکل کو ٹکر، سی سی ٹی وی فوٹیج نے بیانیہ غلط ثابت کردیا

کراچی کے علاقے انچولی میں معروف سماجی تنظیم ”جے ڈی سی“ کے سربراہ ظفر عباس کی ملکیت میں رجسٹرڈ ویگو گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے کا واقعے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ چکی ہے، جس نے ظفر عباس کے ابتدائی مؤقف کو غلط ثابت کر دیا۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈبل کیبن ویگو گاڑی رانگ وے پر چل رہی تھی، جبکہ اس میں پیچھے دو سیکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے۔ ڈرائیور نے رانگ وے سے دوسری سڑک پر جانے کی کوشش کی، جس دوران سامنے سے آتی موٹرسائیکل سے ٹکر ہو گئی، اور سوار نوجوان ٹکرا کر دور جا گرے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ظفر عباس خود اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے تھے۔ عینی شاہدین نے الزام عائد کیا کہ ظفر عباس کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر موجود چند افراد سے ان کے موبائل فون چھین لیے، جو واقعے کی ویڈیو بنا رہے تھے۔

پولیس بھی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور بعدازاں، حادثے میں ملوث گاڑی برآمد کرکے اس کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ویگو گاڑی جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

ظفر عباس کی جانب سے ابتدائی طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ موٹرسائیکل سوار نوجوان بغیر ہیڈ لائٹ کے سفر کر رہے تھے، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل کی ہیڈ لائٹ روشن دیکھی جا سکتی ہے، جس سے یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔

حادثے میں زخمی نوجوانوں کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں