شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ گلستانِ جوہر، گڈاپ، ملیر، قائدآباد، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی اور نیو کراچی سمیت کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ جمعہ سے موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آٹھ جولائی تک مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور امدادی سرگرمیوں کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔