لندن: ماں اور بیٹی پر حملہ کرنے والے ملزم کو پاکستانی نژاد سیکیورٹی گارڈ نے پکڑ لیا

لندن میں ایک ماں اور بیٹی پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لیسٹر اسکوائر پر والدہ اور بیٹی کو چاقو سے وار کر کے زخمی کیا گیا جن کی ایک پاکستانی نژاد سیکیورٹی گارڈ نے حفاظت کی اور حملہ آور کو گرفتار کروایا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے کے مقام پر موجود عبداللہ نامی سکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ اس نے چیخوں کی آواز سنی، اس نے بتایا کہ میں بچی پر حملہ کرنے والے حملہ آور شخص پر جھپٹا اور اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔

پاکستانی نژاد سیکیورٹی گارڈ عبداللہ سینٹرل لندن کی ایک دکان پر مامور تھا۔

عبداللہ نے بتایا کہ جھپٹ کر میں نے ملزم کو زمین پر گرایا اور اس کے ہاتھ میں موجود چاقو کو دور پھینک دیا، اسی دوران پولیس بھی آگئی اور ملزم کو گرفتار کیا۔

سکیورٹی گارڈ عبداللہ کا کہنا تھا کہ میں نے دیکھا کہ ایک شخص چاقو سے بچی پر حملہ کررہا تھا، اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ بچی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہے یا اکیلی لیکن میں نے ذمہ داری کے ساتھ ماں بیٹی کی جان بچانے کی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چاقو زنی کے حملے میں زخمی ماں اور بیٹی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور شخص ماں بیٹی کو جانتا تھا یا نہیں نہیں معاملے کی تحقیقات جاری ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں