کراچی میں بادلوں کے ڈیرے اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے، جس کے باعث شہر میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے 27 جون سے کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
کراچی میں سرمئی بادلوں کے ڈیرے اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے، مطلع مکمل ابر آلود ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جس کے بعد شہری چھٹی کے روز موسم انجوائے کرنے ساحل پہنچ گئے، بچے اور بڑے سب ہی سہانے موسم سے محظوظ ہوتے نظر آرہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے 27 جون سے کراچی میں بارشوں کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز تک کراچی کا موسم خوشگوار رہے گا، آج درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
لاہور میں بادل برس پڑے، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا
دوسری جانب لاہور میں بادل برس پڑے، جس کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، چھٹی کے روز بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، فیروزپور روڈ، کلمہ چوک، کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، انارکلی، اسلام پورہ، گلشن راوی اور سبزہ زار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ گیا ہے، ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔