محرم الحرام: پنجاب میں پہلی بار سائبر پیٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس کی تعنیاتی کا فیصلہ

محرم الحرام کے دوران پنجاب میں پہلی بار سائبر پیٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس کی تعیناتی جبکہ موبائل فونز کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اس کے علاوہ اجلاس میں دوران محرم الحرام ہر ضلع میں ترجمان مقرر کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔

سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں دوران محرم ہر ضلع میں ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور افواہ سازی کے خاتمے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی، خلاف ورزی پر پرچے اور سزائیں ہوں گی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں ایک لاکھ 10 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ 38 ہزار 217 مجالس کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز اہلکار بھی مدد کریں گے، صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

اجلاس میں صحت، خزانہ، داخلہ، خوراک سمیت تمام صوبائی سیکریٹریز اور ریجنل پولیس افسران نے شرکت کی، جس میں سیکیورٹی پلان کے تحت دوران محرم اور اس کے بعد کے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ علما اور امن کمیٹیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ اجلاس کو جلوسوں کے راستوں، مرمت و صفائی، بجلی کے تاروں، خراب ٹرانسفارمز سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محرم میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم سے متعلق انتظامات اور سیکیورٹی دستوں کی پیشگی مشق کی جاچکی ہے، سیف سٹی کیمروں سے مکمل نگرانی ہوگی، شہریوں کی رہنمائی اور جلوس کے شرکا کی سہولت کے لیے واضح نشانات آویزاں ہوں گے، مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز، ڈی جی پی آر میں فیک نیوز کی نگرانی کا مرکز بنا دیا گیا۔

ایک ہی ڈیزائن کی سبیلیں لگیں گی اور شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے اوقات میں تبدیلی کی بھی تجویز ہے۔

وزیراعلیٰ نے سائے اور پانی کی فراہمی، فرسٹ ایڈ پوائنٹس کے قیام، فیلڈ اسپتال، کلینکس آن ویلز کی ہروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جلوس کے راستے میں پبلک ٹوائلٹس کے قیام، گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے اور ساتھ ساتھ صفائی کا انتظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ متبادل ٹریفک، پارکنگ مقامات اور خواتین پولیس اہلکاروں کی فراہمی کے انتظامات بھی کر لیے گئے جبکہ داتا صاحب اور گنج شکر کے عرس سمیت جھنگ اور دیگر اضلاع میں مذہبی تقریبات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

خواتین پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران ذاتی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈرونز کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی ہوگی، سیکیورٹی فورسز کے سوا اسلحہ پر مکمل پابندی ہوگی، جلوسوں کے داخلی مقامات پر چہروں سے شناخت کرنے والے کیمرے لگائے جائیں گے۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام اسلامی کلینڈر کا مقدس مہینہ ہے اور وزیراعلی مریم نواز نے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے، شہریوں کے لیے سیکیورٹی، سہولت اور صفائی کا بڑی عید کی طرح ریکارڈ قائم کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں