2025 میں دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری، اسلام آباد کا نمبر کونسا؟

دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی سال 2025 کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ CEOWORLD میگزین کے مطابق ابو ظہبی نے 97.73 کے حفاظتی اسکور کے ساتھ دنیا کے 300 شہروں میں سب سے محفوظ شہر کا اعزاز اپنے نام کیا۔

فہرست میں تائی پے دوسرے جبکہ قطر کا دارالحکومت دوحا تیسرے نمبر پر رہا۔ متحدہ عرب امارات کے دیگر شہر اجمان، دبئی اور راس الخیمہ بھی نمایاں طور پر محفوظ ترین شہروں میں شامل ہیں۔ ٹاپ 10 میں مسقط، دی ہیگ، برن اور میونخ جیسے یورپی شہر بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
یہ درجہ بندی جرائم کی شرح، سیکیورٹی انتظامات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور مجموعی استحکام جیسے عوامل کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق محفوظ شہر نہ صرف سیاحوں بلکہ وہاں رہائش اختیار کرنے والوں کے لیے بھی زیادہ پُرسکون اور پراعتماد ماحول فراہم کرتے ہیں۔ تاہم اس عالمی فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی شہر نمایاں پوزیشن پر شامل نہیں ہو سکا، جبکہ دارالحکومت اسلام آباد بھی ٹاپ 50 محفوظ ترین شہروں میں جگہ بنانے میں ناکام رہا اور 77ویں نمبر پر آیا۔
دنیا کے 3 سو محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں پاکستان کے 3 بڑے شہر شامل ہیں، اسلام آباد 77، لاہور 112 جبکہ کراچی کا نمبر 257 ہے۔

ماہرین کے مطابق شہری سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور جرائم میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ برسوں میں پاکستانی شہر بھی عالمی درجہ بندی میں شامل ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں