عثمان ہادی جاں بحق، ڈھاکا میں ہنگامے، اخبار ’پروتھوم آلو‘ اور ’ڈیلی اسٹار‘ کے دفاتر نذر آتش

بنگلہ دیش کے انقلابی نوجوانوں کی تنظیم ’انقلاب منچہ‘ کے بانی شریف عثمان ہادی، جو گزشتہ جمعہ ڈھاکا کے پورانا پلٹن علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہوئے تھے، سنگاپور جنرل ہسپتال میں دورانِ علاج انتقال کر گئے۔ ان کی موت کی تصدیق انقلاب منچہ اور ان کے تصدیق شدہ فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے کی گئی۔

شریف عثمان ہادی کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد دارالحکومت ڈھاکا میں شدید ہنگامے شروع ہوگئے۔ جمعرات کی رات بنگلہ اخبار روزنامہ ’پروتھوم آلو‘ اور انگریزی اخبار ’ دی ڈیلی اسٹار‘ کے مرکزی دفاتر پر مشتعل افراد نے حملہ، توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کی۔

عینی شاہدین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، شریف عثمان ہادی کی موت کی خبر پھیلتے ہی شاہ باغ سے ایک جلوس کاوران بازار کی جانب روانہ ہوا۔ جلوس کے شرکا نے بھارت اور عوامی لیگ کے حامی اخبار ’پروتھوم آلو‘ کے دفتر کو گھیرے میں لے کر احتجاج شروع کیا۔ موقع پر موجود پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے میں ناکام رہی اور صورتحال تیزی سے بے قابو ہو گئی۔ پروتھوم آلو کی ملکیت ایک چار منزلہ عمارت مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔ علاوہ ازیں مظاہرین نے ’دی ڈیلی اسٹار‘ کے دفتر پر حملہ کرکے اسے بھی آگ لگادی۔

فائر سروس اور سول ڈیفنس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ عمارت میں پھنسے صحافیوں اور عملے کے کئی افراد کو کرینوں کے ذریعے بحفاظت باہر نکالا گیا۔
حملہ رات تقریباً 11:45 بجے شروع ہوا۔ لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے لیس افراد نے عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے۔ آدھی رات کے بعد مظاہرین دفتر کے اندر داخل ہو گئے اور میزیں، کرسیاں اور اہم دستاویزات باہر نکال کر سڑک پر آگ لگا دی۔

’پروتھوم آلو‘ کے ایک صحافی نے بتایا کہ متعدد صحافی اور عملے کے افراد اب بھی دفتر کے اندر محصور ہیں اور علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

متاثرہ عمارت میں اشاعتی شعبہ، ایک آن لائن کتابی پلیٹ فارم اور انتظامی دفاتر قائم تھے۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی، سامان لوٹا اور قیمتی آلات تباہ کر دیے۔ نورالکبیر، جو ’نیو ایج‘ کے ایڈیٹر اور ایڈیٹرز کونسل کے صدر ہیں، کو موقع پر آنے کے دوران ہراساں کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیو کلپس وائرل ہوئے۔ نوجوان نورالکبیر کو گالیاں دے رہے ہیں، انہیں ’عوامی لیگ کا ایجنٹ‘ کہہ رہے ہیں، ایک نوجوان انہیں بالوں سے کھینچتا نظر آ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں