سندھ حکومت نے فوڈ اتھارٹی میں ای چالان سسٹم کے مؤثر اور شفاف نفاذ کے لئے اہم انتظامی فیصلے کیے ہیں۔
وزیر خوراک سندھ کے مطابق 13 مارچ 2026 تک بعض امور پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ ای چالان کے ذریعے کارروائی کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس دوران فوڈ اتھارٹی میں تبادلے، تعیناتیاں اورڈیپوٹیشن میں توسیع پرمکمل پابندی ہوگی تاکہ انتظامی عمل میں استحکام اورشفافیت قائم رہے۔
صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی میں نئے ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کے لیے اصلاحاتی اقدامات کے نفاذ کی جانب پیش رفت جاری ہے۔
نو تشکیل شدہ گورننگ باڈی اس اصلاحاتی عمل کی نگرانی کرے گی اور ادارے میں شفافیت اور مؤثر کارکردگی کو یقینی بنائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی شہزاد فضل عباسی نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ای چالان سسٹم کے مؤثر نفاذ کیلئے تمام عملے کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مقررہ ضوابط کے تحت اپنے فرائض انجام دیں۔
وزیر خوراک سندھ نے واضح کیا کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ کا مقصد فوڈ اتھارٹی میں شفاف اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور ادارے میں ہر سطح پر احتساب ممکن ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سندھ میں خوراک کے معیار کی نگرانی کو مضبوط بنانے اور عوامی بھروسے کو قائم رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔











